اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سپریم کورٹ میں 11 سال بعد سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت جاری ہے جسے براہ راست نشر کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر بنچ سابق وزیراعظم سے متعلق ریفرنس کی سماعت کر رہا ہے۔
لارجر بنچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل ہیں۔
سماعت کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔
سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل اور فاروق ایچ نائیک روسٹرم پر آ گئے۔
یاد رہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ نے کیس کے فریقین کو سماعت کے حوالے سے نوٹس جاری کررکھا تھا جب کہ سپریم کورٹ نے ذوالفقار علی بھٹو صدارتی ریفرنس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی کارروائی سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل پر دکھائی جائے گی۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس پر آخری سماعت 12 نومبر 2012ء کو ہوئی تھی۔