راولپنڈی(پا ک ترک نیوز) سائفر کیس میں سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی پر فرد جرم آج عائد کی جائے گی۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابولحسنات ذوالقرنین کریں گے۔
سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل کے کمیونٹی سینٹر میں کی جائے گی۔ ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار پر استغاثہ کے گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل میں ٹرائل کے دوران خصوصی عدالت پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ملزمان کو گزشتہ سماعت پر مقدمہ کی نقول تقسیم کر دی گئی تھیں۔