عالمی برادری کشمیر اور فلسطین تنازعات حل کرائے ، آرمی چیف کی سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات

نیو یارک (پاک ترک نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے نیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرکے یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف عاصم منیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں تحریک طالبان کے ملوث ہونے اور پاکستان میں پڑوسی ممالک سے دراندازی کے حوالے سے آگاہ کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سیکرٹری جنرل کو پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق حکومتی پالیسی ، ڈیرہ اسماعیل خان حملے ، تحریک طالبان پاکستان کے پاس جدید ترین ہتھیاروں کی موجودگی کے حوالے سے اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔
آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر اور غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کا قیام یواین قراردادوں پر عمل درآمدسے مشروط ہے، جنوبی ایشیا میں امن تنازعہ کشمیر کے حل سے جڑا ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ کشمیر کا دیرینہ تنازع حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن نہیں آ سکتا۔
جنرل عاصم منیر نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیلی کی یکطرفہ بھارتی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کرائے اور فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کیلئے کردار ادا کرے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے آرمی چیف کے امریکا دورے کا خیرمقدم کیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More