لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر افتخار احمد نے کہا ہے کہ ہمیں ایک دن میں 250 رنز والی سوچ بدلنا ہوگی۔
قومی آل رائونڈر نے اس سوال کے جواب میں کہ پاکستان آسٹریلیا میں کیوں نہیں جیت پاتا؟ قومی آل رائونڈر کا کہنا تھا کہ بھارت بھی آسٹریلیا میں جاکر جیت سکتا ہے، ہمیں ایک دن میں 250 رنز والی سوچ بدلنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے، آسٹریلیا میں انٹینٹ کے ساتھ کھیلنا اہم ہے۔
قومی کرکٹر نے کہا کہ اگر آپ کی سوچ وہی ہے کہ ایک دن میں 250 یا 270 رنز کرنے ہیں تو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ وہ زمانے چلے گئے جب پورا دن کھیلا اور 200 رنز کیے۔ اب 90 اوورز میں 400 رنز بنانا پڑتے ہیں، اگر نہیں بنائے تو آپ دباؤ میں آجائیں گے۔
افتخار احمد کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں رنز کے پیچھے جانا پڑتا ہے، رنز بنانے کا ارادہ دکھانا پڑتا ہے۔ بھارت بھی وہاں جاکر جیت سکتا ہے کیوںکہ وہ ہائی کوالٹی کرکٹ کھیلتا ہے۔ اگر آپ کوالٹی کرکٹ کھیلیں گے تو کامیابی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں 6 سال میں وقفے وقفے سے چار ٹیسٹ میچ ملے جس کی وجہ سمجھ نہیں آئی۔ اگر ایک پلیئر کو چُن لیا جاتا ہے تو پھر اس کو بھرپور موقع دیا جائے۔
پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں سیزن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اس بار ملتان سلطانز کا حصہ بنے ہیں۔ خواہش ہے کہ ایک بار پھر پی ایس ایل چیمپئن ٹیم کا حصہ بنیں۔