امریکی حکومت اور کانگریس ایف۔16لڑاکا طیاروں کی فروخت کے معاہدے کا احترام کریں۔ ترک وزیر خارجہ کی امریکی ہم منصب سے گفتگو
واشنگٹن (پاک ترک نیوز)
ترکیہ کو توقع ہے کہ واشنگٹن ایف۔ 16 لڑاکا طیاروں کی فروخت کے حوالے سے اپنے وعدوں کو پورا کرے گا۔اور امریکی کانگریس باہمی معاہدوں اوراتحاد کی روح کا احترام کرے گی۔
ترک میڈیاکی رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار ترک وزیر خارجہ حقان فیدان نے اپنے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے گذشتہ روز ہونے والی ملاقات میں کیا ہے۔یہ کال ترک پارلیمنٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کی جانب سے نیٹو کی رکنیت کے لیے سویڈن کی درخواست کی ترکیہ کی جانب سے حمایت کرنے کی منظوری کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔ جبکہ امریکی حکومت نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ جو مبینہ طور پر ترکیہ کوایف۔ 16 لڑاکا طیاروں کی فروخت کی امریکی منظوری کی راہ میں روکاوٹ سمجھاجاتا ہے۔
ترک میڈیا نے بتایا ہے کہ فیدان نے بلنکن کو بتایا کہ یہ معاملہ ابھی پارلیمنٹ کے سامنے ہے۔ کیونکہ سویڈن کی نیٹو کی رکنیت پر پارلیمنٹ کی جنرل اسمبلی ہی حتمی رائے دے گی۔ انہوں نے اعلیٰ امریکی سفارت کار سے یہ بھی کہا کہ واشنگٹن اور امریکی کانگریس کو "اتحاد کی روح” کے تحت کام کرنا چاہیے اورایف۔ 16 کی فروخت سے متعلق اپنے وعدوں کو پورا کرنا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق دو سفارت کاروں نے غزہ اور قبرص کی تازہ ترین صورتحال پر بھی بات کی۔ فیدان نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطین اسرائیل تنازعہ میں دیرپا امن کے لیے مذاکرات کے آغاز کی اہمیت کا اعادہ کیا۔