پاکستان کا ایران سے اپنا سفیر واپس بلانے کا فیصلہ، ایرانی سفیر کو بھی واپس جانے کا کہہ دیا گیا

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان نے ایران واقعے پر اپنے سفیر کو واپس بلا لیا۔ایرانی سفیر کو بھی پاکستان سے جانے کا کہہ دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے نیوزبریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان نے ایران واقعے پر ردعمل میں اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ۔ایران کے پاکستان میں سفیر، جو اس وقت ایران ہی میں موجود ہیں، ان کو پاکستان نہ آنے کا کہہ دیا گیا ہے۔
پاکستان نے ایران کے ساتھ تمام اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قبل ازیں پاکستان نے ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی کی شدید مذمت اور ایرانی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا تھا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہوگئیں، پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More