عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ خیبرپختوا نامزد کر دیا

راولپنڈی (پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے بانی عمران خان نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کے لیے علی امین گنڈا پور کو نامزد کر دیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی پریس کانفرنس ملتوی کرنےپرجان گئے تھے کہ ہم الیکشن جیت گئے ہیں۔ نواز شریف اور مریم نواز دونوں الیکشن ہارے ہیں اور عالیہ حمزہ نے جیل میں بیٹھ کر ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے لیے ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا اس پر غور کروں گا تاہم کے پی کے وزیراعلیٰ کے لیے علی امین گنڈاپور کو نامزد کر دیا ہے اور وہی خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
بانی پی ٹی آئی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے کوئی بات نہیں ہو گی۔ ہم دھاندلی کے خلاف اواز اٹھانے والی تمام جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں اور رؤف حسن کو ملاقات میں ان 3 جماعتوں کے سواسب کو اکٹھا کرنے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہتا رہا کہ آزاد اور شفاف انتخابات واحد حل ہیں۔ اب پتہ چل گیا کہ ہم آر اوز کے الیکشن کے خلاف کیوں تھے۔ ایسی دھاندلی ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، ہم سب سے پہلے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رہے ہیں اور ان کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیل میں کسی بھی سرکاری عہدیدار سے ملاقات نہیں ہوئی۔ میں بنی گالہ شفٹ نہیں ہو رہا جب کہ بشریٰ بی بی کی بھی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر آج سماعت ہونی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More