تحریک انصاف نے عمر ایوب کو وزارتِ عظمیٰ کیلئے نامزد کر دیا

راولپنڈی(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کے لئے نامزد کر دیا۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ عظمیٰ کیلئے عمر ایوب ہمارے امیدوار ہوں گے جبکہ عاقب خان خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، جے یو آئی، اے این پی، جماعت اسلامی اور قوم پرست جماعتیں سب سے بات کریں گے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم اسمبلی میں بیٹھیں گے، سب جانتے ہیں الیکشن میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ایک دو روز میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں گے۔
واضح رہے کہ اسد قیصر اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے تھے، اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی سے موجودہ سیاسی صورتحال اور اتحادیوں سے متعلق بات کی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More