لاہور(پاک ترک نیوز) پنجاب کابینہ کا اجلاس آج پھر طلب کر لیا گیا، پنجاب کابینہ کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے مقدمات کی اٹک جیل کے بجائے اڈیالہ جیل میں سماعت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
کابینہ کے اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کریں گی، اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی اور دیگر افسر شریک ہوں گے۔
اجلاس میں ایک ہزار الیکٹرک بائیکس کی خریداری پر غور ہو گا، ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کے بارے سیکرٹری صحت بریفنگ دیں گے، اجلاس میں مصنوعی بارش کیلئے جاری منصوبے کے فنڈز کی منظوری دی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں پنجاب کابینہ نے 24-2023 کے 4 ہزار 480 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی، کابینہ کی جانب سے آئی ایم ایف کو تسلی بخش بریفنگ دینے پر سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل کو سراہا گیا، صوبائی کابینہ نے پنجاب سیلز ٹیکس سروس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دی اور جولائی تا اکتوبر، نومبر تا فروری اور مارچ 2024 کے بجٹ کی توثیق کی۔
پنجاب کابینہ نے صوبے کے ترقیاتی بجٹ کیلئے 655 ارب اور سماجی تحفظ اقدامات کا تخمینہ بجٹ 20 ارب روپے منظور کر لیا، صحت کیلئے 473 ارب، تعلیم کیلئے 596 ارب اور تعمیرات کیلئے 382 ارب کا بجٹ منظور کیا گیا جبکہ رمضان پیکیج کیلئے 30ارب روپے کا بجٹ منظور ہوا، پنجاب میں مفت کتابوں کی فراہمی کیلئے 11 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔
سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کیلئے 12.5 ارب، پی کے ایل آئی انڈوومنٹ فنڈ کیلئے 10 ارب اور حفظان صحت کے توسیعی پروگرام کیلئے 11.4 ارب روپے مختص کئے گئے، گندم کے قرضہ کی ادائیگی کیلئے 264 ارب ، بجٹ میں زراعت پر سبسڈی کیلئے 25.6 ارب رکھنے کی منظوری دی گئی جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے خصوصی اقدامات کیلئے بھی بجٹ مختص کیا گیا۔