ایبٹ آباد (زاہد قیوم ) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ اس کیمپ کے بعد ہمیں فزیکل فٹنس کی فکر نہیں رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ فزیکل ٹریننگ کیمپ سے ہمیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت فائذہ ہوگا۔ میرا اس طرح کا یہ تیسرا کیمپ تھا۔ جب بھی آئے ہیں کچھ نہ کچھ سیکھ کر گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس کیمپ کا اصل مقصد ٹیم میں اتحاد تھا اور اس پر بہت کام ہوا ۔ اس کیمپ کے بعد ہمیں فزیکل فٹنس کی فکر نہیں رہے گی۔میرے لیے سب سے یادگار لمحہ اعظم خان کا پہاڑ کی چوٹی سر کرنا تھا۔
قومی ٹیم کے سپنر شاداب خان کا کہناتھا کہ ورلڈ کپ سے قبل یہ فٹنس کیمپ بہت ضروری تھا۔کھلاڑی جتنے زیادہ فٹ ہونگے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔کیمپ کے ذریعے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا بھرپور موقع ملا۔
عامر جمال نے کہاکہ اس طرح کی ٹریننگ ہمارے لیے بالکل نئی تھی لیکن پھر ہم اس کے عادی ہوگئے۔کسی بھی ایونٹ سے قبل ٹیم بانڈنگ ضروری ہوتی ہے اس کیمپ سے اس میں مدد ملی۔
قومی کرکٹر عماد وسیم کا کہنا تھا کہ یہ ٹریننگ کرکٹ کی عام ٹریننگ سے مختلف لیکن بہت کارآمد رہی۔ آرمی کے ٹرینرز نے کھلاڑیوں کی فٹنس پر بہت زیادہ محنت کی ہے۔
قومی فاسٹ بائولر نسیم شاہ کا کیمپ کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس ٹریننگ میں جم ورک کم تھا ، زیادہ توجہ اسٹیمنا پر رہی۔ یہ ٹریننگ ٹیسٹ کرکٹ میں ہمیں کام آئے گی جہاں زیادہ اسٹیمنا درکار ہوتا ہے۔
وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان نے کہا کہ سطح سمندر سے بلندی کی وجہ سے یہ کیمپ سخت تھا لیکن اس کا فائدہ بھی ہوا ہے۔ پہاڑ کی چوٹی تک پہنچنے کا ایک منفرد تجربہ تھا جو ہمیشہ یاد رہے گا۔