واشنگٹن (پاک ترک نیوز)
امریکی حکومت نے چپ بنانے والی کمپنیوں کو چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کو سامان برآمد کرنے کی اجازت دینے والے کچھ لائسنس منسوخ کر دیے ہیں ۔
امریکی محکمہ تجارت نے بدھ کے روز ایک بیان میں اس بات کا اعلان کیا تھا۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ کون سے اجازت نامے منسوخ کیے گئے ہیں۔جبکہ امریکی چپ کمپنیوں ان ٹیل اور کوالکوم نےتصدیق کی ہے کہ انہیں مطلع کیا گیا ہے کہ کچھ برآمدی لائسنس منسوخ کر دیے گئے ہیں۔مگرہواوے نے فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا ہے۔
2019 سے، امریکہ نے چینی فوج کے ساتھ مبینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے ہواوے کو ٹیکنالوجی کی برآمدات پر پابندی لگا دی ہے لیکن انٹیل اور کوالکوم جیسی کمپنیوں کو کچھ چھوٹ دی گئی ہے۔
بیجنگ نے اپنی کمپنیوں کے خلاف واشنگٹن کے اقدامات کی مذمت کی ہے اور چین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ بغیر کسی جواز کے چینی کمپنیوں کو دبانے کے لیے قومی سلامتی کے تصور کو بڑھاوا دے رہا ہے اور برآمدی کنٹرول کا غلط استعمال کر رہا ہے۔
یہ امرقابل ذکر ہے کہ امریکہ نے حالیہ برسوں میں کئی چینی ٹیکنالوجی فرموں پر پابندیاں عائدکی ہیں۔ کیونکہ دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان کشیدگی میں شدت آئی ہے۔اس مہینے کے شروع میں صدر بائیڈن نے ایک قانون پر دستخط کیے تھے جس کے تحت ملک میں ویڈیو ایپ "ٹک ٹاک” پر پابندی لگائی جا سکتی ہے جب تک کہ اسے اس کی چینی بنیادی کمپنی فروخت نہ کرے۔ادھر کمپنی نے منگل کو قانون سازی کو روکنے کے لیے ایک مقدمہ دائر کیا ہے۔