اسلام آباد(پاک ترک نیوز) صدر مملکت آصف زرداری کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی آزاد کشمیر کی صورتحال پر خصوصی اجلاس آج طلب کر لیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں آزاد کشمیر حکومت اور وزارت داخلہ کے نمائندوں سمیت اہم حکام شریک ہوں گے، خصوصی اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حل کیلئے تجاویز پر غور کیا جائے گا۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بد قسمتی سے کچھ عناصر ایسی صورتحال میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرتے ہیں، بحث، استدلال اور پرامن احتجاج کسی بھی جمہوریت کا حسن ہیں۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا ہے کہ حکومتی املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، فریقین پر صورتحال کے پر امن حل پر زور دیتا ہوں، پر امید ہوں مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔
قبل ازیں جانب صدر مملکت آصف زرداری سے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے ارکان قانون ساز اسمبلی نے ملاقات کی، صدر نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے، مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ہدایت کی۔
صدر مملکت آصف زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور عوام کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے تاکہ دشمن عناصر حالات کا فائدہ نہ اٹھا سکیں، آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مطالبات کو قانون کے مطابق پورا کیا جانا چاہیے۔