شینزن:(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے شینزن میں پاک چائنا بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی ترقی ہم سب کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شینزن میں پاک چائنا بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کانفرنس میں آئے تمام نمائندوں کو خوش آمدید کہتاہوں، ہمیں ماضی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے، اگر ہم ماضی میں رہیں گے تو آگے نہیں بڑھ سکیں گے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات کو بہتر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کریں، پاکستان کے پاس ہر قسم کے وسائل ہیں، ہماری سب سے بڑی طاقت ہماری نوجوان افرادی قوت ہے، چین نے ترقی کیلئے فرسودہ طریقہ کار کو ترک کرکے جدید طریقے اپنائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت کا چین کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں، پاکستان بدعنوانی پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کررہاہے، پاکستان میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے بزنس کونسل قائم کی، قائداعظم کے ویژن پر عمل پیرا ہوکر ملک کو ترقی دلائیں گے۔