قطر کا پنجاب سے سکلڈ لیبر فورس کی بھرتی میں اضافے میں دلچسپی کا اظہار

لاہور(پاک ترک نیوز) پنجاب اور قطر کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی، پنجاب میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع اور لیبر فورس کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔قطری سفیر نے پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کو سراہا اور پنجاب سے سکلڈ لیبر فورس کی بھرتی میں اضافے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پنجاب اور قطر کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کا اصولی فیصلہ ہوا، پنجاب میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قطری سفیر کو پنجاب حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے آگاہ کیا اور قطر کے بزنس مین اور صنعتکاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More