حج 2024 کے دوران1301اموات، 83فیصد بغیر پرمٹ حاجی تھے۔سعودی وزیر صحت
ریاض (پاک ترک نیوز)
سعودی عرب کے وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا ہے کہ اس سال حج 2024 میں ایک ہزار 301 اموات ہوئی ہیں۔ ان میں 83 فیصد وہ افراد شامل ہیں جو بغیر پرمٹ کے حج کر رہے تھے اور انہوں نے بغیر کسی مناسب سائے اور آرام کے براہ راست سورج کی روشنی میں طویل فاصلے پیدل طے کیے۔
سعودی سرکاری میڈیاکے مطابق وزیر صحت فہد الجلاجل نے حج سیزن 2024 کے دوران صحت انتظام کی کوششوں کی کامیابی کا اعلان کیا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صحت کے نظام اور حج سکیورٹی فورسز کی مربوط کوششوں سے ممکن ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صحت کے نظام کے تحت چار لاکھ 65 ہزار سے زیادہ حجاج کو خصوصی علاج کی خدمات فراہم کیں جن میں ایک لاکھ 41 ہزار ایسے تھے جو بغیر پرمٹ حج کر رہے تھے۔
فہد الجلاجل نے مقدس مقامات پر شدید گرمی کے باوجود حجاج کی مجموعی صحت کی صورتحال کے بارے میں اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہمملکت کی جانب سے عازمین حج کو مفت طبی خدمات کی فراہمی ان کی آمد سے قبل ہی شروع ہو گئی تھی اور فضائی، سمندری اور زمینی سرحدی گزرگاہوں پر آگاہی کے پروگرام شروع کر دیے گئے تھے۔ حجاج کو فراہم کی جانے والی صحت کی خدمات میں اوپن ہارٹ سرجری، کارڈیک کیتھیٹرائزیشن، ڈائیلائسز سیشن اور 30 ہزار سے زیادہ ہنگامی ایمبولینس کی خدمات شامل ہیں۔جبکہ 95 ایئر ایمبولینس آپریشنز مختلف شہروں میں جدید صحت کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موجود رہے۔