لاہور (پاک تر ک نیوز) لاہور کے لیے ٹرام سروس کی منظوری دے دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کریم بلاک تا موٹروے سگنل فری کوریڈور پلان کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو لاہور کی پہلی ٹرام لبرٹی، مین مارکیٹ، منی مارکیٹ اور حالی روڈ کے گردونواح میں چلانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہاں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر کے اپنے پہلے دورے کے دوران اس منصوبے کی منظوری دی۔ اس موقع پر پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اعلیٰ کے خصوصی مشیر برائے سیاسی امور ذیشان ملک، پنجاب کے چیف سیکرٹری، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
سگنل فری کوریڈور پلان کے تحت کریم بلاک سے موٹروے تک 6 رویہ سڑک پر دو انڈر پاس بنائے جائیں گے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی بھی اصولی منظوری دی اور لاہور میں تمام غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی فہرست طلب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہر ہاؤسنگ سکیم کا جائزہ لے کر اسے ریگولرائز کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے ایم ایم عالم روڈ کی ازسر نو تعمیر اور خوبصورتی کی منظوری دی اور گلبرگ اور اس سے ملحقہ علاقوں کی تعمیر، تزئین و آرائش اور بحالی کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ "یکساں سڑکیں اور ٹف ٹائلیں لگائی جائیں۔” انہوں نے لاہور کی مختلف سڑکوں کی کمرشلائزیشن کی بھی منظوری دی اور مینار پاکستان اور چائنہ سکیم پر اسپورٹس کمپلیکس کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے۔