عالمی برادری افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے مسئلے میں مدد کرے: وزیراعظم

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے مسئلے میں مدد کرے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے ملاقات کی، ہائی کمشنر فلپو گرینڈی نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیر اعظم نے چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی میں اقوام متحدہ کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ متعدد چیلنجز کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ افغان مہاجرین کی انتہائی عزت اور وقار کے ساتھ میزبانی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کے لیے ایک پائیدار حل کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے، افغان مہاجرین کی محفوظ اور باوقار وطن واپسی حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے مسئلے میں عالمی برادری مدد کرے ،افغان مہاجرین کی واپسی میں پاکستان کو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں اور سلامتی کے خطرات کو مد نظر رکھا جائے، عالمی برادری افغان مہاجرین کی وجہ سے پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے میں کردار ادا کرے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر نے کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر حکومت پاکستان کوخراج تحسین پیش کیا۔
ہائی کمشنر فلپو گرینڈی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن افغان مہاجرین کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More