آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پیٹرولیم نرخ مقرر کرنے کا اختیار؟ اہم اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پیٹرولیم نرخ مقرر کرنے کا اختیار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دینے کے حوالے سے اہم اجلاس آج ہوگا۔
ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دیے جانے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کی زیر صدارت آج دوپہر اجلاس میں پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کا معاملہ زیرغور آئے گا۔
چیئرمین اوگرا مسرور خان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اختیار آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو دینے پر بریفنگ دیں گے۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار ملا تو قیمتوں میں روزانہ تبدیلی ہوا کرے گی۔ حکومت پیٹرولیم لیوی 80 روپے فکس کر کے باقی ذمے داری او ایم سیز کے حوالے کرنا چاہتی ہے۔ حکومت کو او ایم سیز کو پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں ایکسچینج ریٹ فرق کی ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔ حکومت کو خدمات پر صوبائی سیلز ٹیکس پر او ایم سیز کو ریفنڈ جاری کرنا پڑتا ہے۔گزشتہ مالی سال خدمات پر سیلز ٹیکس کی مد میں او ایم سیز کو 65 ارب روپے کا ریفنڈ جاری کیا گیا۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم نے پیٹرولیم ڈویژن سے پلان پر جلد سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More