اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے پاسکو میں مبینہ گندم سکینڈل کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مبینہ گندم سکینڈل کا نوٹس لیتے ہوئے سابق ایم ڈی پاسکو کیپٹن (ر) سعید سمیت دیگر افسران کے خلاف مجرمانہ غفلت کی کارروائی اور گندم کا سراغ لگانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم نے ڈی جی ایف آئی اے کو پاسکو میں کرپشن کی انکوائریز ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم انسپکشن کمیشن کو ابتدائی انکوائری میں گمراہ کن معلومات فراہم کی گئی تھیں، گزشتہ 2 سال میں وزیراعظم انسپکشن کمیشن کے ساتھ بیورو کریسی نے تعاون نہیں کیا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دو ہزار بائیس کے سیلاب میں گندم کے ذخائر کو نقصان پہنچانے والے رعایت کے مستحق نہیں ہیں، 2022 کے سیلاب میں گندم کی چوری کی انکوائری رپورٹ دو ہفتوں میں پیش کی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت غذائی تحفظ اور خزانہ پاسکو کے تمام امور آؤٹ سورس کرنے پر جامع رپورٹ پیش کرے۔
واضح رہے کہ 2022 کے سیلاب میں 34 ہزار ٹن گندم پاسکو گوداموں سے غائب ہوئی تھی۔