لاہور میں بارشوں کا 44سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ،رین ایمرجنسی نافذ

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں موسلادھار بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، طوفانی بارش کے باعث لاہور میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
شہر لاہور میں آج صبح سویرے سے مون سون بارش کا ہیوی سپیل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، فیصل ٹاؤن ، مال روڈ، فیروزپور روڈ، ماڈل ٹاؤن، لکشمی چوک اور انارکلی سمیت دیگر علاقوں میں شدید بارش ہوئی۔
شہر لاہور میں سب سے زیادہ ایئرپورٹ پر 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پانی والا تالاب میں 203 جبکہ لکشمی چوک میں 191 ، اپرمال میں 182، مغلپورہ میں 173، تاجپورہ میں 180، نشترٹاؤن میں 227، چوک ناخدا میں 163 ملی میٹر بارش ہوئی۔
شدید بارش سے شہر کے نشیبی علاقے اور اہم شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، بارش سے نظام زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد سمیت کئی مقامات پر بھی موسلادھار بارش سے حبس کا زور ٹوٹ گیا، گلیات، مری، نتھیاگلی، ایوبیہ اور گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سے 6 اگست تک مون سون بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے، بلوچستان میں جمعہ اور گلگت بلتستان میں ہفتے کی رات سے بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
لاہور شہر میں بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا، بارش کے باعث لیسکو کے 400 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
لیسکو فرسٹ سرکل میں 65، سیکنڈ سرکل میں 93 فیڈرز ٹرپ ہوئے ہیں، تھرڈ سرکل میں 56 جبکہ فورتھ سرکل میں 5 فیڈرز سے بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔
پانچویں سرکل میں 111 جبکہ چھٹے سرکل میں 18 فیڈرز ٹرپ ہوئے ہیں، ساتویں سرکل میں 55 جبکہ آٹھویں سرکل میں2 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 6 فیڈرز نے کام چھوڑ دیا۔
فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ،بجلی کی بندش سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لیسکو ترجمان نے کہا ہے کہ فیلڈ سٹاف کی جانب سے بجلی کی بحالی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، لیسکو فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، موسم کی خرابی کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے پول بھی کھول دیئے۔
ناقص انتظامات ہونے سے میو اور سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں بارشی پانی داخل ہوگیا جبکہ میو ہسپتال کا آئی سی یو بھی زیر آب آگیا جس کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بارشی پانی ایمرجنسی اور آئی سی یو میں جانے سے علاج معالجہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔
ادھر جنرل ہسپتال بھی پانی میں ڈوب گیا، مختلف وارڈز میں پانی داخل ہوگیا، ہسپتال میں پانی جمع ہونے سے علاج معالجہ میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے موسلادھار بارش کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامی افسروں اور واسا حکام کو فیلڈ میں پہنچے کی ہدایت کرتے ہوئے لاہور اور دیگر شہروں میں بارشی پانی کی جلد نکاسی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے۔
انہوں نے بارشی پانی کے نکاس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے وارڈنز اور متعلقہ انچارج موجود رہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ گلی محلوں اور سڑکوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کا آپریشن جلد مکمل کیا جائے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More