استنبول (پاک ترک نیوز)
ترکیہ اپنے ریلوے سیکٹر کو بڑھا رہا ہے۔اور ریل کے ذریعے نئے روٹس کھول رہا ہے۔ اسی حوالے سے نجی پاسیفک یوریشیا ٹرین ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول کو بلغاریہ اور رومانیہ کے راستے ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپیسٹ کوملائے گی۔
استنبول سے بوداپسٹ جانے والی پہلی ٹرین کو اپنے سفر پر روانہ کرنے کی تقریب میںترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر یورالوگلو نے اعلان کیا ہےکہ ٹرین چار دنوں میں 1549 کلومیٹر کا راستہ طے کرے گی۔ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان ریلوے رابطے کی ترقی میں ایک اہم قدم ہے۔
پاسیفک یوریشیا سالانہ 750,000 ٹن کارگو ترکیہ سے ہنگری منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔جو 22,000 ٹرکوں کے برابر ہے اور اس سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس روٹ پراوسطاً ماہانہ ساٹھ ٹرینیں یا سالانہ 600 ٹرینیں چلیں گی۔ وزیر نے کہا کہ یہ کامیابی ترکیہ کے ریلوے کی لبرلائزیشن کے عمل کا نتیجہ ہے جو کئی سالوں سے جاری ہے۔
پاسیفک یوریشیا اب بین الاقوامی مال برداری کی خدمات فراہم کرنے والا پہلا نجی آپریٹر بن گیا ہے۔ نیا روٹ بلغاریہ، رومانیہ اور ہنگری سے گزرے گا جس سے یورپ کے ساتھ اقتصادی تعلقات مضبوط ہوں گے۔ وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ روٹ نہ صرف تجارتی ترقی بلکہ علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کو بھی فروغ دے گا۔
اس ضمن میںخاص طور پر شاہراہ ریشم پر توجہ دی جاتی ہے جو ایشیا اور یورپ کو ملانے والی ایک اہم ریلوے راہداری ہے۔ یہ روٹ سامان کی نقل و حمل کا مختصر ترین، محفوظ ترین اور ماحول دوست راستہ ہے۔ اس راستے سے تعمیراتی سامان اور صنعتی سامان کی نقل و حمل کی جائے گی۔