اسلام آباد : پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ کورونا وبا کے خلاف ویکسین لے کر اسلام آباد پہنچ گیا۔ایئرفورس کا آئی ایل 78 خصوصی طیارہ چین سے 5 لاکھ ڈوزز لے کر اسلام آباد پہنچ گیا۔
معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل سلطان نے ایئرپورٹ پرویکسین وصول کی۔ ویکسین چینی وزیراعظم کی جانب سے عطیہ کی گئی ہے، جو اسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں اور طبی و غیر طبی عملے کو لگائی جائیں گی۔
دوسری جانب اسلام آباد میں ویکسین کے ذخیرے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔ صوبوں کو ویکسین کی منتقلی کے حوالے سے بھی تمام انتظامات مکمل ہیں، این سی او سی میں ویکسین نرو سینٹر جب کہ صوبائی اور ضلعی سطح پر ویکسین کوارڈینیشن اینڈ ایڈمنسٹریشن سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا ویکسین کے لئے پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ نور خان ایئر بیس سے چین کے دارالحکومت بیجنگ کے لیے روانہ ہوا تھا۔