سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں وفد 2 روزہ اہم دورے پر آج پاکستان پہنچے گا

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد آج 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ سعودی عرب کا وفد صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا، اس کے علاوہ سعودی وفد کی آرمی چیف کے ساتھ ملاقات کا بھی امکان ہے۔
سعودی وفد میں سرمایہ کاری، پانی و زراعت، ماحولیات، صنعت، معدنی وسائل، توانائی کے وزراء شامل ہوں گے، وفد پاکستان میں قیام کے دوران سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے گا۔
سعودی وفد کے دورہ پاکستان کا مقصد دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور باہمی اقتصادی شراکت داری کو مزید متحرک کرنا ہے، اس کے علاوہ پاکستان اور سعودی عرب میں مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہونے کی توقع ہے۔
سعودی وفد پاکستان میں ریکوڈک، دیا میر باشا ڈیم، چھوٹی آئل ریفائنریز کی توسیع سمیت مائننگ و سیاحت کے شعبوں میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے روڈ میپ طے کرے گا۔
اگلے ماہ مئی میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی بھی پاکستان آمد متوقع ہے جس کے دوران معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی اور پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کا آغاز ہوجائے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More