کسٹمز کی بڑی کارروائی، 22ارب روپے کی غیر ملکی اشیا کی سمگلنگ ناکام

کراچی(پاک ترک نیوز)
پاکستان کسٹمز اینٹی سمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس ایم او) نے لوہے اور سٹیل کی مصنوعات کی آڑ میں درآمد کی جانے والی 22.77 ارب روپے کی غیر ملکی اشیا کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
اے ایس ایم او کی ٹیم نے گذشتہ شب یہ کارروائی سندھ انڈسٹریل اینڈ ٹریڈنگ اسٹیٹ (سائٹ) کے علاقے نورس چورنگی کے قریب کی جہاں سے دو کنٹینرز میں اسمگل شدہ غیر ملکی سامان کی بڑی مقدار کو ٹرکوں پر لاد کر ملک کے مختلف حصوں میں لے جایا جا رہا تھا۔
محکمہ کسٹمز کے قبضہ میں لئے گئے سامان کے درآمدی کاغذا ت میں فولاد کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ دستاویزات اور اشیاء کے میچ نہ ہونے پر دونوں ٹرکوں سمیت تمام اشیاء کو تحویل میں لے کر ہیڈ کوارٹر منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی اشیاء میں 255 موبائل فونز، 1500 لیپ ٹاپ، 1200 مختلف اقسام کے ٹیبلٹس کے علاوہ 25 ایل سی ڈی اسکرینز، 1270 الیکٹرانک سگریٹ اور فلیور اور مختلف برانڈز کے صابن کے 100 کارٹن شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ درآمدی اشیا کی ظاہر کردہ مالیت 14.33 ارب روپے تھی تاہم ڈیوٹی اور ٹیکسز کے اضافے کے بعد یہ رقم 22.77 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ درآمد کنندگان نے اشیا اور ان کی قیمت غلط ظاہر کرکے 8 ارب روپے سے زائد ٹیکس اور ڈیوٹیزچوری کرنے کی کوشش کی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More