اسلام آباد(پاک ترک نیوز) دنیا کے کئی ممالک میں بڑے پیمانے پر آئی ٹی سسٹم میں خرابی سے بڑے بینک، میڈیا آؤٹ لیٹس اور ایئر لائنز میں کام ٹھپ ہوگیا،سڈنی ، بارسلونا، میڈرڈ اور برلن ایئرپورٹس پر پروازیں منسوخ ہو گئیں۔
دنیا کے متعدد ممالک میں بینکوں، فضائی کمپنیوں، ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں، ٹیلی ویژن (ٹی وی) اور ریڈیو نشریات اور سپر مارکیٹس کے سسٹمز امریکی سائبر سکیورٹی کمپنی کے سسٹم میں خرابی کے باعث آف لائن ہوگئے۔
سائبرسکیورٹی کمپنی کراؤڈسٹرائیک کےسافٹ وئیرمیں خرابی سے دنیا بھر میں مائیکرو سافٹ کے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز پر کام کرنے والے کمپیوٹرز متاثر ہوئے۔
کراؤڈ سٹرائیک کے مطابق امریکا، برطانیہ، نیوزی لینڈ، بھارت اور دیگر متعدد ممالک میں ونڈوز ورک سٹیشنز سکرین آف ڈیتھ ایرر کی وجہ سے آف لائن ہوئے، سافٹ ویئر میں ہونے والی خرابی کو شناخت کرلیا گیا ہے اور اسے ٹھیک کرنے کے لیے کام جاری ہے۔
مائیکرو سافٹ نے اس حوالے سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا مگر اس کے سروس سٹیٹس پیج پر کہا جا رہا ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔کمپنی نے دن کے آغاز پر کہا تھا کہ صارفین مائیکرو سافٹ 365 تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے۔
برطانیہ میں اس کے نتیجے میں ٹی وی چینلز کی نشریات، ٹرین سروسز اور ایئرپورٹس آپریشنز متاثر ہوئے، آسٹریلیا کے میلبرن ایئرپورٹ کی جانب سے ایکس (ٹوئٹر) پر بیان جاری کیا گیا کہ عالمی ٹیکنالوجی مسئلے کے باعث کچھ فضائی کمپنیوں کا چیک ان کا طریقہ کار متاثر ہوا ہے تو مسافروں کو چیک ان کرنے میں کچھ تاخیر ہو سکتی ہے۔
امریکا، آسٹریلیا اور کئی ممالک میں مائیکرو سافٹ کے سسٹم میں آنے والی اس خامی کے باعث پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے جبکہ نیدرلینڈز میں بھی ایئرپورٹ آپریشنز اس کے باعث متاثر ہوئے ہیں۔
برطانیہ کےایڈنبرا ایئرپورٹ پر خودکار بورڈنگ پاس سکینرز غیرفعال ہونے کے باعث مسافروں کی مینوئل چیکنگ کی جا رہی ہے، چیک ری پبلک کےدارالحکومت پراگ میں بھی پروازوں کی روانگی اس تکنیکی خرابی کے باعث متاثر ہوئی۔
بھارتی دارالحکومت نئی دلی اور ممبئی ایئرپورٹ پر بھی پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی، تکنیکی خرابی کےباعث سپین کے مختلف ایئرپورٹس،ترکش ایئرلائن، آسٹریلین میڈیا اور بینکنگ آپریشنز متاثرہوچکے ہیں جبکہ آئی ٹی سسٹم میں خرابی سے متحدہ عرب امارات میں بھی تمام الیکٹرونک سسٹمز متاثر ہوئے۔
آئی ٹی سسٹم میں خرابی سے دبئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل 1 اور 2 میں کچھ فضائی کمپنیوں کے آپریشنز متاثر ہوئے مگر اب فلائٹ آپریشن معمول پر آگیا ہے۔
سسٹم میں خرابی کے باعث یونائیٹڈ ایئر لائنز نے تمام پروازیں معطل کردیں، لندن سٹاک ایکسچینج بھی بندہو گئی جبکہ برطانیہ میں ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔