منسک(پاک ترک نیوز) روس اور بیلاروس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی تعیناتی کا معاہدہ طے پا گیا ۔معاہدے پر دستخط روس اور بیلاروس کے وزرائے خارجہ نے کیے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب بیلاروس میں منعقد ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق روس کے ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کی بیلاروس میں تعیناتی سے متعلق دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔
روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے کہا کہ بیلاروس میں تعینات کیے جانے والے جوہری ہتھیاروں اور ان کے استعمال سے متعلق کسی بھی فیصلے پر روس کا ہی کلی اختیار ہوگا۔
روسی وزیر دفاع نے جوہری ہتھیاروں کی تعیناتی کی وجہ بتاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مغربی ممالک روس اور بیلاروس کے خلاف غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رہے ہیں۔ ہمیں اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
یاد رہے کہ بیلاروس یوکرین کا ہمسایہ اور دوست ملک ہے۔ جنگ کے آغاز سے ہی روس یوکرین میں فوجی پیش قدمی کے لیے بیلاروس کو ہی استعمال کرتا آیا ہے۔