پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کی آزادی ہے، نگران وزیراعظم

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہپی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کی آزادی ہے۔ حکومت کے فوج کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ دو یا اس سے زیادہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی فوری نجکاری کی جائے گی ۔ بجلی اور ٹیکس کے شعبوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ حکومت وسط مدتی اصلاحات کی بنیاد فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ پاکستان میں 25،25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔ سعودی عرب آئندہ 5 برسوں کے دوران پاکستان میں کان کنی، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ یہ ملک میں فارن ڈائرکٹ انویسٹمنٹ میں اضافے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ مشرق وسطیٰ بھی اس عرصے میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کیلئے کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے، وقت پر الیکشن کے انعقاد کیلئےکوشاں ہیں، حلقہ بندیاں مناسب وقت پر مکمل ہوجائیں گی، جس میں ایک ماہ اور اس سے زائد عرصہ بھی لگ سکتا ہے، میں حتمی ٹائم فریم نہیں دے سکتا۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سمیت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ تمام سیاسی جماعتوں کو بلاامتیاز عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے یکساں مواقع ملیں گے تاہم بعض سیاسی جماعتوں کا رویہ تشدد پسند ہے جس سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ قانون کے مطابق الیکشن کے جلد انعقاد کے لیے سہولت فراہم کرنا عبوری حکومت کا مینڈیٹ ہے۔ آئین کے مطابق مردم شماری کے بعد حلقہ بندیاں ضروری ہیں۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More