لاہور (پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف سے جاتی امرامیں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے میاں نوازشریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔اس ملاقات میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے بھی شرکت کی ۔
قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی امور پر تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا،جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مستحکم اور مضبوط شراکت داری کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
امریکی سفیر اور نواز شریف نے تجارت سمیت متعدد مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ جس میں معیشت، آب و ہوا تبدیلی، سلامتی اور علاقائی استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قائد مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، خاص طور پر آئندہ انتخابات کے لیے اپنی پارٹی کی تیاریوں کے تناظر میں ، انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کریں گے تاکہ ملک کو آج جن بے شمار مسائل کا سامنا ہے ان سے نکالا جا سکے۔
سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے بے گناہ فلسطینیوں کی حالت زار کا معاملہ اٹھایا جو غزہ کے گرد اندھا دھند اسرائیلی بمباری اور محاصرے کی وجہ سے بے دردی سے مارے جا رہے ہیں۔
امریکی سفیر نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے ساتھ امریکی ترجیحات کا تبادلہ کیا اور ملاقات کے دوران بے تکلفانہ اور خوشگوار تبادلہ خیال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔