وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں امریکی سفیر کی ملاقات

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صحت، دفاع، تعلیم، زراعت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے شعبوں میں موجودہ مثبت رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت معیشت کو مستحکم کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے میکرو اکنامک اصلاحات پر توجہ دے گی۔ اس سلسلے میں، انہوں نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جو پاکستان میں ترجیحی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ اور علاقائی اہمیت کے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں غزہ اور بحیرہء احمر کی صورتحال، افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر بات چیت شامل ہیں۔ ملاقات میں وزیراعظم نے امریکی سفیر سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ بھی پرزور طریقے سے اٹھایا۔
وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ایمبیسیڈر بلوم نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو ایک اہم پارٹنر سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی امید کرتا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More