اسلام آباد (پاک ترک نیوز) توانائی کے شعبے میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے 18 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی گئی ، جسے 12 اہم ٹاسک دے دیئے گئے۔
کمیٹی کا فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت توانائی شعبہ سے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔ کمیٹی میں 6 وفاقی وزراء، 6 وفاقی سیکرٹری ، چیئرمین ایف بی آر اور آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو تین ہفتوں میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی۔
کمیٹی گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کو حل کرنے کیلئے تجاویز تیار کرے گی، کمیٹی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے مالیاتی نظام کا بھی جائزہ لے گی، کمیٹی ترمیم شدہ پٹرولیم پالیسی 2012، ٹائٹ گیس پالیسی 2024ء کو عملی شکل دے گی۔
کمیٹی ایل این جی کارگوز کیلئے بنچ مارکنگ پورٹ چارجز کے تعین سے متعلق تجاویز بھی تیار کرے گی، پٹرولیم ڈویژن کمیٹی کو سیکرٹری معاونت فراہم کرے گا۔