پاکستان میں غربت کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ

اسلام آباد(پاک ترک نیوز)پاکستان میں غربت کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ۔
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ برس کے دوران غربت کا شکار افراد کی تعداد میں ریکارڈ سوا کروڑ کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد غربت کی زندگی گزارنے والے افراد کی تعداد 9کروڑ سے تجاوز کر گئی ۔
عالمی بینک نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پاکستان میں گزشتہ مالی سال غربت بڑھ کر 39.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے، خراب معاشی حالات کی وجہ سے مزید سوا کروڑ افراد غربت کے جال میں پھنس گئے، تقریباً ساڑھے 9 کروڑ پاکستانی اس وقت غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔
واشنگٹن میں قائم عالمی بینک نے پاکستان کی اگلی حکومت کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مدد سے تیار کردہ پالیسی کے مسودہ کا اجرا کیا ہے جس میں کم انسانی ترقی، غیر پائیدار مالیاتی صورتحال،زراعت، توانائی اور نجی شعبہ جات کو ضابطے میں لانا اور ان شعبوں میں اصلاحات آئندہ حکومت کیلیے ترجیحی قرار دیے گئے ہیں۔
عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی معیشت کی حالت پر ’شدید تشویش‘ کا اظہارکرتے ہوئے زور دیا ہے کہ وہ اپنی مقدس گائیوں’’ زراعت اور رئیل اسٹیٹ‘‘ پر ٹیکس لگانے کیلیے فوری اقدامات کرے اور معاشی استحکام کیلیے جی ڈی پی کے 7فیصد کے برابرمالیاتی ایڈجسٹمنٹ کرتے ہوئے اپنے بے جا اخراجات کم کرے۔
پاکستان سے متعلق عالمی بینک کے ماہر اقتصادیات توبیاس حق نے پالیسی مسودے کے اجرا کے موقع پر کہا کہ ورلڈ بینک کو پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال پر گہری تشویش ہے، پاکستان کو سنگین معاشی اور انسانی ترقی کے بحرانوں کا سامنا ہے،پاکستان اس وقت ایک ایسے موڑ پر ہے جہاں اسے پالیسی میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔
جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس میں فوری طور پر 5 فیصد اضافہ کرنے اور اخراجات کو جی ڈی پی کے تقریباً 2.7 فیصد تک کم کرنے کے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جس کا مقصد غیر پائیدار معیشت کو ایک محتاط مالیاتی راستے پر ڈالنا ہے تاہم یہ اقدامات زیادہ تر ان شعبوں میں تجویز کیے گئے ہیں جنہیں پاکستان میں ’مقدس گائے‘ سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینہسین نے کہا کہ پاکستان کیلیے پالیسی میں تبدیلی کا یہ ناگزیر موقع ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان میں موجودہ معاشی صورتحال کا ادراک کر لیا جائے گا لیکن سوال یہ ہے کہ کیا پالیسیوں میں تبدیلی کا ادراک تمام سیاسی جماعتوں، کاروباری اداروں، سول سوسائٹی اور مالیاتی حساب رکھنے والوں کو بھی ہو گا یا نہیں۔ہم صرف اقدامات تجویز کر سکتے ہیں مگر اس پر عملدرامد پاکستان کو خود کرنا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More