وزیر اعظم شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کی سفیر محترمہ پینگ چنکسو کی اہم ملاقات

اسلام آباد(پاک ترک نیوز)
پاکستان میں چین کی سفیر محترمہ پینگ چنکسو نے ملاقات کی ہے جس میںسی پیک سمیت دونوں دوست ممالک کے مابین تعاون کے نئے باب کھولنے کے ساتھ چین کی پاکستان کے لئے امداد سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی عوام اور حکومت کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 102 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور اقتصادی ترقی کے لیے مضبوط حمایت پر سی پی سی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئرن برادرز اور پرانے دوست ہونے کے ناطے پاکستان اور چین ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی ہے۔
صدر شی جن پنگ اور حال ہی میں وزیر اعظم لی کیانگ کے ساتھ اپنی بات چیت ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے چینی قیادت کے مضبوط ذاتی عزم کو سراہا۔ پاکستان اور چین کے تعلقات میں اضافے کی رفتار اور گہرے اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان عالمی ترقیاتی اقدام اور سی پیک کے تحت ترقیاتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان کے لیے چینی حکومت کی نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے، محترمہ پینگ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان چین کا اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر اورانتہائی قریبی دوست ہے۔ انہوں نےزور دیکر کہا کہ چینی حکومت اور چین کی کمیونسٹ پارٹی نےسفارت کاری میں پاکستان کو ایک خاص مقام دیا ہے اور دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں۔
گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) کے پہلے اعلیٰ سطحی فورم میں ورچوئل شرکت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، چینی ناظم الامور نے دونوں ممالک کی قیادت کے تصور کے مطابق پاکستان میں جی ڈی آئی منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے چین کے عزم کا اظہار کیا۔
محترمہ پینگ نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک اہم منصوبہ ہے اور چینی قیادت سی پیک کو بی آر آئی کے اعلیٰ معیار کے منصوبے کے طور پر ترقی دینے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کو ایک اہم اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور مالی استحکام کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More