مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز) سعودی عرب نے غیر ملکیوں کیلئے نئی عمرہ پالیسی کا اعلان کردیا۔
سعودی وزارت حج کے مطابق سعودی شہری دوستوں کو عمرے کی سعادت کیلئے ’پرسنل وزٹ ویزا‘ پر بلوا سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی شہری اپنے دوستوں کو "ذاتی وزٹ ویزا” کے ذریعے عمرہ کرنے کے لیے سعودی عرب میں مدعو کر سکتے ہیں ، وزٹ ویز ا کی بدولت غیرملکی شہری عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ مسجد نبوی بھی جاسکیں گے ۔
ذاتی وزٹ ویزا پر غیر ملکی شہریوں کو ایک سے زائد بار انٹری سہولت حاصل ہوگی، وہ مختلف تاریخی مقامات اور دیگر ثقافتی علاقوں کا دورہ کر سکیں گے ۔
سعودی وزارت حج کے مطابق ذاتی وزٹ ویزا پر سعودی عرب کے تمام خطوں اور شہروں کے سیاحتی دوروں کی اجازت ہوگی۔
یاد رہے کہ سعودی ویزا کی دو قسمیں ہیں ،’سنگل انٹری پرسنل ویزا‘ جس کی میعاد 90 دنوں کے قیام کے ساتھ 90 دن تک بڑھ سکتی ہے۔ "ملٹی انٹری پرسنل ویزا” کی میعاد 90 دن قیام ہے اور یہ مدت 365 دن تک بڑھ سکتی ہے۔
وزارت نے بتایا کہ وزارت خارجہ میں ویزا پلیٹ فارم کے ذریعے "ذاتی ویزا” کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے۔