غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 180 فلسطینی شہید

غزہ(پاک ترک نیوز) قابض اسرائیل کی جانب سے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر حملے جاری ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 180 افراد کو شہید کر دیا گیا۔
اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ کے نہتے اور معصوم لوگوں پر وحشیانہ وار کیے جا رہے ہیں، قابض صیہونی افواج نے تازہ حملوں میں رفاہ کی رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جہاں 20 افراد شہید ہو گئے، مقبوضہ مغربی علاقے جنین میں ہسپتال اور مساجد پر بھی بم برسائے گئے جس کے نتیجے میں 12 شہری جام شہادت نوش کر گئے۔
اسرائیل کی جانب سے کمل عدوان ہسپتال کے عملے کو ہسپتال سے باہر نکال کر ہسپتال خالی کروا دیا گیا، اسرائیلی فوج کی بمباری سے غزہ کا ٹیلی کمیونیکیشن نظام تباہ ہو گیا، اسرائیلی حملوں میں 7 اکتوبر کے بعد شہید ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 18 ہزار 787 ہو گئی جبکہ 50 ہزار 897 افراد زخمی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں مختلف کارروائیوں کے دوران 300 کے قریب افراد شہید اور 2 ہزار سے زائد کو زخمی کر دیا، فلسطینی پرزنر سوسائٹی کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج 7 اکتوبر سے اب تک 4 ہزار سے زائد لوگوں کو گرفتار کر چکی ہے۔
یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ نے جنیوا میں پریس کانفرنس کے دوران ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے لوگوں کو امداد کی فوری ضرورت ہے، عورتیں، بچے اور معصوم شہری بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں، سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More