انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم ہونگے، شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنائے جانے کی تصدیق کی ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم کے لیے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

ترجمان وزیراعظم آفس نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قائد حزب اختلاف کا مشاورتی عمل میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے اور وزیراعظم نے 16 ماہ میں بطور بہترین حزب اختلاف کی قیادت پر بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو بھجوا دی۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے بھی سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنائے جانے کی تصدیق کی۔

راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے درمیان انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے اور وزیراعظم نے اس فیصلے پر دستخط بھی کردئیے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے ملاقات کے بعد لاہور روانہ ہو گئے۔

یاد رہے کہ انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے، انہوں نے 2002  میں ن لیگ کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا اور ناکام رہے، 2015 میں نواب ثناء اللہ زہری کی حکومت آئی تو اس میں ترجمان بلوچستان حکومت بنے۔

انوار الحق کاکڑ بلوچستان سے 2018 میں سینیٹر منتخب ہوئے اور اب وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانی کے چیئرمین بھی ہیں۔

 

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More