آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

ریاض (پاک ترک نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے، دونوں نے پاک سعودی اسٹریٹیجک تعلقات اور تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور محمد بن سلمان کی ملاقات کے موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور سعودی سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے۔
آرمی چیف عاصم منیر نے وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف سے بھی ملاقات کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جنرل فیاض بن حمد الرویلی سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیردفاع اور عسکری قیادت سے ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی، دفاعی اورسکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں، دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہارکیا، ولی عہد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب مستقبل میں بھی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کے لیے گرمجوشی کے جذبات اور حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More