ایشیائی بینک ،سٹیٹ بینک اور شماریات بیورو نے پاکستان کی معیشت کو درست سمت گامزن قرار دیدیا

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک، سٹیٹ بینک اور شماریات بیورو پاکستان نے اپنی رپورٹس میں کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت گزشتہ 9ماہ سے درست سمت کی جانب گامزن ہے ۔
تفصیلات کےم طابق اے ڈی بی، سٹیٹ بینک اور شماریات بیورو کی رپورٹس 3 سہ ماہیوں کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے معیشت کو درست راہ پر گامزن کرنے کیلئے پالیسی کی سطح پر سرتوڑ کوششیں کیں۔
گزشتہ 9 ماہ سے پاکستان کی معیشت درست سمت پر چل رہی ہے، سال 2023 کی نسبت رواں سال پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر رہی، اسی تناسب سے معیشت کا پہیہ چلتا رہا تو 2025 میں مہنگائی کم ہو کر 15 فیصد رہ جائے گی۔
پاکستان اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام اور پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جی ڈی پی کی شرح نمو 2 سے 3 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے، شرح نمو میں اضافے کا کلیدی محرک زراعت کا شعبہ ہے، مالی سال 2024 میں گندم، چاول، مکئی اور کپاس کی فصلوں میں بمپر اضافہ ہونے کے زراعت کے شعبے کی شرح نمو 7 فیصد سے زائد رہی۔
مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر گزشتہ سال کے مقابلے میں مالی سال 2024 کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 87.5 فیصد کمی کے ساتھ 0.5 بلین ڈالر رہ گیا، خسارے میں کمی کی بدولت سٹیٹ بینک کو 1 بلین ڈالر کے یورو بانڈ کی ادائیگی کے باوجود 8 بلین ڈالر کے فارن ایکسچینج ذخائر برقرار رکھنے میں مدد ملی۔ترسیلات زر میں اضافے سے کرنٹ اکاؤنٹ میں 619 ملین ڈالر اضافہ ہوا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More