انقرہ (پاک ترک نیوز) غزہ میں اسرائیل کی جانب سے الاحلی ہسپتال میں حملے کے نتیجے میں معصوم فلسطینیوں کی شہادت کے بعد معروف ترک ڈرامہ سیریز کورولوش عثمان 5کی نشریات روک دی گئیں ۔
غزہ پر حملے کے باعث گزشتہ روز سیریز کی نئی قسط نشر ہونے تھی لیکن گزشتہ روز نئی قسط کے بجائے پُرانی قسط ہی نشر کی گئی۔
پروڈکشن ٹیم نے کہا کہ ‘غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی فوج کے حملے میں ہمارے ہزاروں معصوم فلسطینی بہن بھائی شہید ہوئے جس کے لیے ہمارے ملک ترکیہ میں 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور اسی وجہ سے سیریز ’کورولوش عثمان‘ کے 5ویں سیزن کی نئی قسط نشر نہیں کی جائے گی’۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں اسرائیلی بمباری کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا اور فلسطینی عوام، بچوں اور خواتین کی شہادت پر شدید مذمت بھی کی۔
یاد رہے کہ غزہ کے الاحلی اسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں معصوم فلسطینی بچوں اور خواتین کی شہادت کے بعد دنیا بھر میں شدید غم و غصہ ہے اور صیہونی فوج کے بھیانک و انسانیت سوز جنگی جرم کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔