غزہ(پاک ترک نیوز) اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان صیہونی افواج کی بمباری کے نتیجے میں مزید 200سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ۔
اسرائیلی طیاروں نے بیت لاحیا، خان یونس اور المغازی کے علاقوں میں حملے کیے جن میں 50 فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے، رفاہ کے کویتی ہسپتال کے قریب اسرائیلی بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد شہید اور زخمی ہو گئے۔اسرائیل کی جانب سے رہائشی علاقوں اور ہسپتالوں کے اطراف میں شدید بمباری کا سلسلہ جاری ہے ۔
فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں العمل ہسپتال کے قریب حملے میں کم از کم 10 فلسطینی شہید اور 12 سے زائد زخمی ہو گئے، مغربی کنارے میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 2 فلسطینی شہید اور 25 کو گرفتار کر لیا گیا۔
مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام کیخلاف اسرائیل کے اندر سے آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں، یرغمالیوں کی واپسی کی احتجاجی تحریک کے رہنما نے کہا کہ اسرائیلیوں کیلئے مستقل امن فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کے ناجائز قبضوں کے خاتمے کے بغیر ممکن نہیں ہے۔