کراچی (پاک ترک نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی ایک بار پھر گرفتار ہو گئے۔ سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ ان کے خلاف سندھ میں دائر تمام مقدمات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کےخلاف سندھ میں درج مقدمات کےخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ فیض شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔
پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی کے خلاف عام لوگوں نے مقدمات درج کرائے تھے، قانون کے مطابق ان افراد کا بیان قلم بند کرنےکے پابند تھے، ان معاملات کو قانون کے مطابق دیکھا جائےگا۔
پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی کی تمام درخواستیں اب غیر موثر ہوچکی ہیں۔ ان کے خلاف مقدمات سی کلاس کردیےہیں۔ جبکہ اعظم سواتی کو اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
دورانِ سماعت آئی جی سندھ نے گزشتہ سماعت سے متعلق ایک مرتبہ پھر عدالت سےمعذرت کرلی اور کہا کہ گزشتہ سماعت پر جو ہوا اس پر معذرت چاہتا ہوں۔
علاوہ ازیں عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت میں پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے کہا کہ اعظم سواتی کے خلاف درج 34 مقدمات سی کلاس کردیے ہیں، آئی جی نےمتعلقہ عدالتوں کو مقدمات سی کلاس کرنے کی سفارش کی، سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے تینوں درخواستیں نمٹادی ہیں۔
اعظم سواتی کے وکیل انور منصور نے کہا کہ ان کیسزکو عدالتی طریقہ کار سے ختم کیا جائے۔ پولیس جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں مقدمات سی کلاس کرنے کی رپورٹ پیش کرے۔
اگلی پوسٹ