برلن (پاک ترک نیوز)
آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن کے حصول کے تمام امکانات موجود ہیں۔اور دونوں ملکوں کے پاس قابل عمل معاہدے تک پہنچنےکے اچھے مواقع موجود ہیں۔
ان خیالات کا اظہارآذربائیجان کے صدر الہام علیئیف نے منگل کی شب یہاں جرمن صدر فرینک والٹر اسٹین مائر کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے پاس ایک معاہدے تک پہنچنے کا ایک اچھا موقع ہے۔ خاص طور پر اب جب کہ گزشتہ اکتوبر میں سوچی میں ہونے والی ملاقات کے بعد آذربائیجان اور آرمینیا نے ایک دوسرے کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کو تسلیم کیا ہے۔ ایسے معاہدے پر جلد دستخط کرنا اچھا خیال ہوگا۔کیونکہ ہمی اپنے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے امن کی ضرورت ہے۔
آذربائیجان کے صدر نے زور دیا کہ ان کے ملک نے بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر امن معاہدے کے لیے پانچ بنیادی اصولوں کی وضاحت کی ہے۔ اور ان اصولوں کی بنیاد پر امن معاہدے پر دستخط کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کا موقف دو طریقوں پر منحصر ہے۔ پہلا یہ کہ آرمینیا کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط، اور دوسرا۔ آذربائیجان کے کاراباخ علاقے میں رہنے والے آرمینیائی باشندوں کے ساتھ بات چیت۔اور اسی سلسلے میں 5 مارچ کو آذربائیجان کے ایلچی نے کاراباخ میں آرمینیائی باشندوں سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی انتظامیہ نے کاراباخ میں آرمینیائی کمیونٹی کے نمائندوں کو باکو کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے تاکہ دوبارہ انضمام اور بنیادی ڈھانچے کے متعدد منصوبوں پر عمل درآمد سے متعلق امور پر رابطوںکو بڑھایا جا سکے۔