بنگلہ دیش ،مہنگائی کے باعث حج پر جانیوالے افراد کی تعداد میں واضح کمی

 

ڈھاکہ (پاک ترک نیوز) مہنگائی کے باعث بنگلہ دیش میں حج پر جانیوالے افراد کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔بنگلہ دیش میں 1 لاکھ 27 ہزار حج کوٹے پر اب تک صرف 32 ہزار نے درخواست دی ہے جو ملکی تاریخ میں کم ترین تعداد ہے۔
بنگلادیش میں گزشتہ برس کے مقابلے اس سال عازمین حج کے ہوائی کرایوں میں تقریباً 580 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے سال یہ 1,400 ڈالر تھا، لیکن اس سال یہ تقریباً 2,000 ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، ہوائی جہاز کے آسمان کو چھونے والے کرایوں اور حج کے دیگر اخراجات میں بے پناہ اضافے نے حج کے خواہش مند لاکھوں شہریوں کو مایوس کردیا ہے جن کے لیے سعودی عرب کا سفر ناممکن ہوگیا ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے گزشتہ ماہ 4.7 ارب ڈالر کی منظوری کے باوجود بنگلا دیش میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے کیوں کہ بنگلادیشی کرنسی ٹکا مسلسل گراوٹ کا شکار ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے رواں برس بنگلا دیشی حکومت کی رضامندی سے ایک لاکھ 47 ہزار کوٹہ مختص کیا ہے لیکن اب تک صرف 32 ہزار عازمین حج نے رجسٹریشن کرائی ہے جب کہ آخری تاریخ 7 مارچ ہے یعنی کوٹہ مکمل ہونا بھی مشکل نظر آرہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کوٹے کی تعداد سے دگنی تعداد میں درخواستیں موصول ہوتی تھیں۔ حج آفس ڈھاکا کے ڈائریکٹر سیف الاسلام نے عرب نیوز کو بتایا کہ میں نے ملک میں ایسی صورت حال کے بارے میں پہلے کبھی نہیں سنا۔
ڈائریکٹر سیف الاسلام نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ حکومت عازمین حج کے لیے کوئی سبسڈی منظور کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More