لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ آج کھیلا جائے گا ۔ شاہینوں کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود کیوی ٹیم سیریز برابر کرنے کا عزم لئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شاہینوں کے مد مقابل ہوگی۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ رات 9بجے کھیلا جائے گا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 88رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتےہوئے 19.5اوورز میں 182رنز بنائے تھے ۔فخر زمان اور صائم ایوب نے 47،47رنز کی اننگز کھیلی ۔
کیوی فاسٹ بائولر میٹ ہینری نے 3جبکہ ایڈم ملنے اورلسٹر نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔
نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 15.3اوورز میں محض 94رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ۔حارث رئوف نے چار جبکہ عماد وسیم نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
یاد رہے کہ پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کاتیسرا میچ 17کو لاہور جبکہ چوتھا میچ 20اور پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 24اپریل کو راولپنڈی میں ہو گا ۔
کیوی ٹیم اس کے بعد پانچ میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز بھی کھیلے گی۔