بائیڈن کی اردوان کو مبارکباد ،F-16 طیاروں اور سویڈن کی نیٹو شمولیت پر بات چیت

واشنگٹن (پاک ترک نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔دونوں رہنماؤں نے ترکیہ کی طرف سے F-16 لڑاکا طیارے خریدنے اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت جیسے مسائل پر بھی بات چیت کی۔
اردوان نے فون پر بات چیت کے دوران امریکی ساختہ طیارہ خریدنے کی انقرہ کی خواہش کو دہرایا۔
دوسری جانب امریکی صدر بائیڈن نے بتایا کہ واشنگٹن چاہتا ہے کہ انقرہ سویڈن کے ٹرانس اٹلانٹک فوجی اتحاد کا رکن بننے پر اپنا اعتراض واپس لے۔
امریکی صدر کا وائٹ ہائوس میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہنا تھا کہ میں نے ترک صدر اردوان سے بات کی۔ میں نے انہیں مبارکباد دی۔ وہ اب بھی F-16s پر کچھ کام کرنا چاہتا ہے۔ میں نے اس سے کہا کہ ہم سویڈن کے ساتھ ایک معاہدہ چاہتے ہیں، تو آئیے اسے کر لیں۔ اور اس طرح ہم ایک دوسرے کے ساتھ دوبارہ رابطے میں رہیں گے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ سویڈن کی نیٹو کی رکنیت پر اردوان سے کیا توقع رکھتے ہیں، بائیڈن نے کہامیں نے یہ مسئلہ ان کے ساتھ اٹھایا تھا۔ ہم اگلے ہفتے اس کے بارے میں مزید بات کرنے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سویڈن اور فن لینڈ نے گزشتہ سال نیٹو کی رکنیت کے لیے درخواست دی تھی۔
فن لینڈ نے گزشتہ ماہ امریکی قیادت میں اتحاد میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن ترکیہ اور ہنگری کے اعتراضات کے باعث سویڈن کی رکنیت روک دی گئی ہے۔ ترکیہ کا کہنا ہے کہ سٹاک ہوم ان مسلح گروپوں کے ارکان کو پناہ دیتا ہے جو اسے "دہشت گرد” تصور کرتے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More