سری نگر (پاک ترک نیوز) بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ وادی میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کیخلاف یوم سیاہ منائے جانے کی کال دی تھی جس کے پیش نظر آج مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال اور کاروباری مراکز بند ہیں۔
اپنے پیغام میں حریت رہنماؤں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کو ایک مضبوط پیغام بھیجیں کہ وہ اس کے قبضے کو مسترد کرتے ہیں، بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی قانونی یا اخلاقی حق نہیں۔
رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کے یوم آزادی پر مقبوضہ وادی میں پاکستان کے حق میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے اور پاکستان کے جھنڈے لہرائے گئے۔