کراچی(پاک ترک نیوز) نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ان سے حلف لیں گے۔
تقریب آج شام کو گورنر ہاؤس میں ہو گی، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی مصروفیات کے باعث تقریب حلف برداری نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی نامزدگی کے 2 دن بعد منعقد کی جا رہی ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے صوبے کی اہم شخصیات اور سیاسی رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر5 اپریل 1957 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے جامعہ کراچی سے ایل ایل بی کیا اور 1981 میں وکالت کے شعبے سے منسلک ہو گئے، وہ 26 اگست 2003 میں سندھ ہائی کورٹ کے مستقل جج بنے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر 20 ستمبر 2013 میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقرر ہوئے اس کے بعد 17 فروری 2015 کو وہ سپریم کورٹ پاکستان کے جج بن گئے، 4 اپریل 2022 کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔
نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر پر 2013 میں دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے، حملے میں ان کے سکیورٹی عملے سمیت 9 افراد شہید ہوئے تھے۔