اسلام آباد (پاک ترک نیوز) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے ترکیہ کے صدر اردوان کو بین الاقوامی "نوبل امن انعام” کیلئے نامزد کر دیا۔
چئیر مین سینٹ کا کہنا تھا کہ صدر اردوان کی نامزدگی روس یوکرین تنازعے کے بعد امن کےلیے ان کے کردار اور کوششوں کی روشنی میں کی گئی ہے۔نوبل امن انعام ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے امن کےلیے یا جاری تنازعات کو حل کرنے کے لیے کوئی غیر معمولی اقدام کیا ہو۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے پر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔یوکرین جنگ پوری دنیا کے لیے تباہی کا باعث بن سکتی تھی۔یہ جنگ تیزی سے ایک ایٹمی فلیش پوائنٹ میں تبدیل ہو گئی تھی۔
ترکیہ کے صدر اردوان نے اپنی انتھک کوششوں، دونوں فریقوں کے ساتھ بروقت اور موثر رابطہ کاری کے ذریعے دنیا کو بڑی تباہی سے بچایا۔” بلیک سی گرین” منصوبے نے بھی اس خطے کو تباہ کن قحط سے بچایا۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ صدر ایردوان ایک سچے اور عوامی رہنما ہیں۔صدر اردوان نہ صرف اپنے ملک بلکہ خطے اور بالعموم پوری دنیا کی بہتری اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔
ترک صدر تمام انسانیت کے لیے امن، رواداری اور محبت کے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حقیقی پیغام اور تعلیمات کو لے کر چلتے ہیں۔صدر اردوان کی اسلامی تعلیمات سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے کوششیں باعث فخر ہیں۔
مجھے امید ہے کہ نارویجین نوبل کمیٹی صدر اردوان کی عالمی امن کےلیے غیر معمولی اور بے مثال کوششوں کو ضرور زیر غور لائے گی۔