پاکستان اور چین کے درمیان بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کے تحت تجارت کا آغاز

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان اور چین کے درمیان بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کے تحت تجارت کا آغاز ہو گیا ،پہلا کارگو ٹرکوں کا قافلہ چین سے پاکستان کیلئے روانہ ہو گیا ۔
ٹی آئی آر سروس کے باضابطہ آغاز کیلئے کاشغر یوان فانگ انٹرنیشنل لاجسٹکس پورٹ کمپنی میں تقریب منعقد کی گئی جس میں این ایل سی کے نمائندوں، کاشغر کسٹمز، میونسپل کمیٹی کے حکام، سیوا لاجسٹکس اور کراس بارڈر ای کامرس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
پاکستان کی نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن اور چین کی معروف کمپنی سیوا لاجسٹکس کے اشتراک سے پہلی بار اقوام متحدہ کی بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کنونشن کے تحت سامان کی سرحد پار نقل وحمل کا آغاز ہوا ہے، یہ اہم پیشرفت پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کی دسویں سالگرہ کے موقع پر ہوئی۔
مقررین نے کاشغر سے اسلام آباد تک ٹی آئی آر ٹرانسپورٹ روٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے مابین ٹی آئی آر کے تحت مستقبل میں تجارتی سامان کی ترسیل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی، اس منصوبے سے خشکی میں گھرے وسطی ایشیائی ریاستوں سے رابطے کے لیے موثر اور محفوظ زمینی راستہ دستیاب ہو گا۔
سرحدوں پر کسٹم کے آسان اور مربوط طریقہ کار کی بدولت ٹی آئی آر سامان کی سرحد پار ترسیل تیز تر اور زیادہ محفوظ طریقے سے ممکن ہو گی، اس سے نہ صرف وقت بلکہ لاگت میں بھی کمی ممکن ہو گی، تقریب کے اختتام پر کارگو ٹرکوں کا پہلا قافلہ پاکستان کے لیے سفر پر روانہ ہوا۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More