دمشق (پاک ترک نیوز)
شام کی وزارت ٹرانسپورٹ نے کہاہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔
پیر کی صبح ٹوئیٹر پر جاری ہونے والے بیان کے مطابق ہوائی اڈے نے صبح 9:00 بجے معمول کی کارروائیوں کا آغاز کیا۔اس سے قبل پیر کے روز اسرائیلی فضائیہ نے دمشق کے جنوبی مضافات کو نشانہ بنایا جہاں شامی فوج کے ساتھ لڑنے والے ایران نواز شیعہ یونٹس کے ٹھکانے واقع ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے احاطے میں ہتھیاروں کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔ جبکہ حملے میں حزب اللہ کے کم از کم چار جنگجو مارے گئے ہیں۔
ادھر شام کے سرکاری میڈیا کا شامی فوجی ترجمان کے حوالے سے کہنا ہے کہ حملے نے ہوائی اڈے کو وقتی طور پر سروس سے محروم کر دیا ہے۔ جبکہ ذرائع کے مطابق حملے میں دو شامی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔