درہ آدم خیل ، سیلابی پانی گھر میں داخل ، 11 افراد جاں بحق

پشاور(پاک ترک نیوز) پشاور کے علاقے درہ آدم خیل میں بارش کا پانی گھر کے تہہ خانے میں داخل ہو گیا، پانی میں ڈوبنے سے 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ درہ آدم خیل کے علاقے پرانا بازی خیل میں بارش کا پانی گھر میں داخل ہوا، پانی گھر میں داخل ہونے سے تہہ خانے میں موجودایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق افراد گھرکے تہہ خانے میں سو رہےتھے کہ پانی داخل ہونے سے ہلاکتیں ہوئیں، 11 لاشیں نکال لی گئیں جبکہ ایک بچی کی تلاش جاری ہے۔
تہہ خانے میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 6 بچے، 3 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔
ادھر تھرپاکر میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں بھی 8 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ راولپنڈی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس کے نیچے تلے دب کر ماں بیٹی جان کی بازی ہار گئیں۔
صوابی میں تیسرے روز بھی موسلادھار کا سلسلہ جاری ہے جس سے ندی ،نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ مختلف حادثات میں 3 افراد چل بسے۔
موسلادھار بارش کے باعث سڑکوں اور گلیوں میں پانی ہی پانی جمع ہو گیا، بارش کے باعث کچے مکانات گر گئے جبکہ بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی طاقتور مون سون سپیل کا سلسلہ جاری ہے، جڑواں شہروں میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں جبکہ دونوں شہروں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
اٹک اور گرد و نواح میں تیسرے روز بھی موسلا دھار بارش کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے جبکہ پشاور شہر اور ملحقہ علاقوں میں رات سے بارش ہو رہی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
خانپورہزارہ اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے دریائے ہرو اور ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی ہے جبکہ پنجاب خیبرپختونخوا کو ملانے والا ترناوہ پل تالاب میں تبدیل ہو گیا۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی ابر رحمت کا سلسلہ جاری ہے، شہر قائد میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو رہی ہے جبکہ جیکب آباد، کوہلو، بولان، سبی، زیارت اور مچھ میں بھی خوب بادل برسے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More